سنگاپور(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران چار فیصدسے زائدکا اضافہ ریکارڈکیاگیا، جس کے بعد خام تیل کی قیمت دو ماہ کی بلندترین سطح پر آگئی اورقیمت تریسٹھ ڈالر کے قریب جاپہنچی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ اور چین میں
تجارتی جنگ سے متعلق مثبت پیش رفت اور اوپیک ممالک کی جانب سے پیداوار میں کمی کا عندیہ دے دیا ہے ، جس کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت دو ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔ کاروباری ہفتے کے اختتام پر ایشیائی منڈیوں میں امریکہ خام تیل کی قیمت میں چار اعشاریہ تین فیصد اضافے کے ساتھ تیرپن ڈالر اسی سینٹ فی بیرل ہوگئی جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت ڈھائی فیصد اضافے کے ساتھ باسٹھ ڈالر ستر سینٹس فی بیرل ہوگئی۔ چین نے امریکہ سے اربوں ڈالر کی مصنوعات کی خریداری کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ ماہرین کےمطابق خام تیل کی قیمت میں طلب میں اضافےکےباعث اضافے کا رجحان برقرار رہےگا۔ یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں خام تیل کی قیمت سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی اور عالمی منڈی میں چوبیس گھنٹوں میں خام تیل ساڑھے تین ڈالر فی بیرل سستا ہوگیا تھا۔ اس سے قبل اکتوبر میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی اور خام تیل کی قیمت 85 ڈالر فی بیرل کے قریب جا پہنچی تھی۔