کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں تین روزہ روبوٹک ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی، ایس آئی یو ٹی اور سول اسپتال میں 400 سے زائد آپریشن مکمل کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس آئی یو ٹی میں تین روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی، ایس آئی یو ٹی اور سول اسپتال میں 400 سے زائد آپریشن مکمل کیے گئے، روبوٹک ورکشاپ میں ملکی
اور غیرملکی ماہرین نے شرکت کی۔ پروفیسر ادیب الحسن رضوی نے کہا کہ عوام نے جو اینٹیں فراہم کیں اس سے ایس آئی یو ٹی مکمل ہوا، تمام اسٹیک ہولڈرز نے ایس آئی یو ٹی کی تشکیل میں کردار ادا کیا ہے۔ ادیب رضوی کا کہنا تھا کہ ہم تو صرف کھڑے ہوئئے تھے ساتھ تو عوام نے دیا ہے، ہر مریض کو عزت نفس کے ساتھ مفت علاج کی سہولت دینے کے قائل ہیں۔ قبل ازیں اندرون و بیرون ملک سے آنے والے ماہرین کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان میں روبوٹک سرجری کے سینٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے یہ جدید طریقہ علاج عام لوگوں کی دسترس میں آسکے۔ کانفرنس سے ممتازطبی ماہرین نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے ورکشاپ کی سرگرمیوں، جنرل سرجری ورکشاپ ، یورولوجی ورکشاپ ،گائناکالوجی ورکشاپ، لپروسکوپک اور روبوٹک سرجری اور ملک میں لپروسکوپک اور روبوٹک سرجری کے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ ورکشاپ کے ماہرین میں پروفیسر محمدشمیم خان،پروفیسر امجد سراج میمن،پروفیسر الطاف ہاشمی، فوزیہ پروین، پروفیسرامجد پرویز چیمہ، پروفیسر ساجدہ قریشی اور پروفیسر اسد شہزاد شامل تھے۔