لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پڑھے لکھے ہنر مند طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں انجمن تاجران کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ سابق حکمران پنجاب کو چودہ سو ارب روپے کا مقروض چھوڑ کر گئے ہیں۔ ہم مسائل سے گھبرانے والے نہیں ہیں دن رات محنت کرکے عوام کے مسائل کم کریں گے، انہوں نے
اعلان کیا کہ پنجاب حکومت پڑھے لکھے ہنر مند طلبہ و طالبات کو تیس لاکھ روپے تک قرضہ دے گی، اس قرضے پر شرح سود انتہائی کم ہوگی۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کا افسر اب فیکٹریوں پر چھاپے نہیں مار سکے گا، کاروباری طبقہ میں پھیلائی جانے والی خوف و ہراس کی فضا کم کریں گے، تاجر بھی دیانت داری سے ٹیکس ادا کریں۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت کا مزید کہنا تھا کہ کوئی بھی بزنس مین کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حل کے لیے مجھ سے مل سکتا ہے۔