اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں گزشتہ روز بحریہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی، اس سماعت میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے وکیل علی ظفر پیش ہوئے،موقر انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے دوران جسٹس فیصل عرب نے ملک ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ان جیسے لوگوں کی ضرورت ہے اوراس رئیل سٹیٹ ٹائیکون نے بہت زبردست خدمات سرانجام دی ہیں،جسٹس فیصل عرب نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ملک ریاض بہت قابل انسان ہیں یہ پاکستان کی قسمت بدل سکتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ
ایسے لوگوں کو قوم کے لیے کام کر نے دیں۔ واضح رہے کہ سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ بحریہ ٹاؤن کے خلاف تینوں کیسز کے الگ الگ فیصلے آئے تھے، بحریہ ٹاؤن کراچی کی الگ پیش کش کریں،اس دوران بحریہ ٹاؤن کے وکیل نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن کراچی کی 170 ارب جبکہ باقی اسلام آباد اور مری کے لیے 30 ارب روپے کی پیش کش کرتے ہیں۔جس پر عدالت نے ان کی پیشکش مسترد کردی ، عدالت نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے بحریہ ٹاؤن کو تینوں مقدمات کی الگ الگ پیش کش تحریری طور پر دینے کی ہدایت کردی۔