نیویارک (این این آئی)پاپ موسیقی کی رانی کہلائی جانے والی گلوکارہ، اداکارہ، کاروباری خاتون اور لکھاری میڈونا کے پاس یوں تو خواتین گلوکاراؤں میں سب سے زیادہ مقبول گلوکارہ کا اعزاز بھی ہے۔تاہم ڈھلتی عمر میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں بھی جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کا سہارا لینا پڑا۔نہ صرف میڈونا بلکہ کئی دیگر معروف اداکاراؤں اور خود اداکاروں پر بھی پلاسٹک سرجری
کرائے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں اور بعد ازاں کچھ شخصیات نے تسلیم بھی کیا کہ انہوں نے سرجری کرائی۔60 سالہ میڈونا کو حال ہی میں سال نو کے موقع پر ایک تقریب میں پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، کیوں کہ ان جسمانی خدو خال 2018 کے آخری ہفتے سے قدرے مختلف تھے۔سوشل میڈیا پر یہ خبریں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئیں کہ 60 سالہ میڈونا نے پرکشش نظر آنے کے لیے سرجری کرالی اور بعض امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں نے بھی اس طرح کی خبریں شائع کیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں میڈونا کو پینٹ شرٹ میں پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم ان کے جسمانی خدو خال کچھ مختلف دکھائی دیے۔سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گلوکارہ نے پلاسٹک سرجری کرالی۔میڈونا کی پلاسٹک سرجری پر کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سرجری سے پہلے پرکشش اور خوبصورت دکھائی دیتی تھیں۔تاہم پلاسٹک سرجری کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد میڈونا نے بھی اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک ٹوئیٹ کی، تاہم انہوں نے اس ٹوئیٹ میں کوئی واضح جواب نہیں دیا۔میڈونا نے واضح طور پر ان خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کرائی ہے یا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں کسی طرح کا کوئی خوف نہیں۔میڈونا نے سال 2019 کو بہترین، خود مختاری اور اچھا سال قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ان کے جسمانی خدو خال جس طرح اور جیسے بھی ہیں اچھے ہیں، انہیں کسی طرح کا کوئی خوف اور دکھ نہیں۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میڈونا پر سرجرائی کرائے جانے کے الزامات لگے ہوں، گزشتہ چند سال سے ان پر چہرے اور جسم کے دیگر حصوں کی سرجری کرائے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔