اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے تمام قومی بچت اسکیموں میں منافع کو 2.78 فیصد تک کا اضافہ کر دیا ہے۔ نئی شرح منافع کا اطلاق یکم جنوری 2019 سے کی جانے والی سرمایہ کاری پر ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق بیواؤں اورشہدا کے خاندانوں کے لیے قومی بچت اسکیمز کے منافع میں نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع12.47 فیصد کردیا گیا ہے۔ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس، پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہدا فیملی ویلفیئر
اکاؤنٹ کا منافع 14.28 فیصد تک بڑھادیا گیا ہے۔ اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر 12 فیصد جبکہ اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ اور اسپیشل سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 11.4 فیصد کردی گئی ہے۔ گزشتہ سال 30 جون سے اب تک یہ قومی بچت اسکیموں کے منافع میں پانچویں بار کیا جانے والا اضافہ ہے۔ نئے اضافوں کے بعد بہبود سیونگز میں ایک لاکھ کی سرمایہ کاری پر 1190 روپے، ریگولر انکم میں ایک لاکھ پر 1000 روپے جبکہ اسپیشل سیونگز میں 950 روپے منافع ملے گا۔