لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی طبیعت اب کافی بہتر ہے، انہوں نے لاہور کے نجی اسپتال میں بیڈ پر ہی نماز ادا کی۔ڈاکٹروں نے انجائنا کی شکایت پر گزشتہ روز مولانا کی انجیو پلاسٹی کی تھی، معالجین نے انہیں چند دن آرام کا مشورہ دیا ہے۔معروف عالم دین مولانا طارق جمیل جوہرٹاؤن لاہورکے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔وہ گزشتہ روز کینیڈا سے واپس پہنچے تو انہیں انجائنا کی شکایت پر اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کے خون کے مختلف ٹیسٹ اور انجیو گرافی کے بعد مرض کی نوعیت
کو دیکھتے ہوئے ان کی انجیوپلاسٹی کر دی۔نجی اسپتال کے ذرائع کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شہریار اے شیخ اور مولانا طارق جمیل کے بھائی ڈاکٹر طاہر جمیل نے انجیو گرافی کے بعد مولانا طارق جمیل کی کامیاب انجیو پلاسٹی کر کے انہیں ایک اسٹنٹ ڈال دیا ہے جس کے بعد مولانا روبصحت ہیں اور انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔مولانا نے اسپتال میں بیڈ پر ہی نماز ادا کی، معالجین نے انہیں چند روز آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔اہل خانہ کی جانب سے ان کے لیے دعائے صحت کی اپیل بھی کی گئی ہے۔