صنعاء(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے الحدیدہ میں جنگ بندی کے حوالے سے طے پائے سمجھوتے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ادھر یمن میں آئینی حکومت کی حمایت کے لیے قائم کردہ عرب اتحاد نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے
24 گھنٹوں کے دوران جنگ بندی معاہدے کی 20 خلاف ورزیاں کیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی باغی گذشتہ ہفتے سویڈن میں طے پائے معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اتوار کے بعد سے اب تک حوثی اس معاہدے کی 138 خلاف ورزیاں کرچکے ہیں۔کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے یمنی فوج، عوامی مزاحمتی فورسز اور عام شہریوں پر متنوع اسلحہ سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ اس نے یمن میں امدادی اور تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے بری، بحری اور فضائی راہ داریوں کے لیے نئے پرمٹ جاری کیے ہیں جب کہ 20 بحری جہاز یمن کی مختلف بندرگاہوں پر لنکر انداز ہونے کے لیے اجازت کے حصول کے منتظر ہیں۔ عرب اتحاد کا کہنا ہیکہ اس نے یمن کے طلباء میں کتب، اسٹیشنری اور شہریوں میں عام استعمال کی اشیاء تقسیم کی ہیں۔