کراچی(این این آئی)دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی یکم دسمبرکوایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کا عالمی دن منایاگیا،جس کا مقصد اس انتہائی مہلک مرض کے بارے میں آگاہی دینا اور ایڈز سے بچاؤ سے متعلق حفاظتی احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے،اس سال ایڈز ڈے کی تھیم ہے’’ اپنا اسٹیٹس جانئے‘‘، ایڈز کا عالمی دن دنیا میں پہلی مرتبہ 1987 میں منایا گیا۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں 15سال سے زائد عمر کے 99ہزار مرد اور 43 ہزار خواتین ایچ آئی وی وائرس کا شکار ہیں۔ ایڈز وائرس سے دنیا میں 18لاکھ جبکہ ملک میں 19ہزار سالانہ متاثرین ہورہے ہیں،گزشتہ سال پاکستان میں 570 اور دنیا میں 9لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہوئیں،یواین ایڈز پاکستان کنٹری فیکٹ شیٹ 2017 کے مطابق ملک میں 14سال تک کے 3500بچے بھی ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ ہیں ۔ پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 40ہزار ہے پاکستان میں گزشتہ سال15سال سے زائد عمر کے 19ہزارافراد میں ایڈز وائرس داخل ہوا ، ان میں سے 18 ہزار 400،15 سال سے زائد عمرکے بالغ افرد کے علاوہ 14سال تک کے 600بچے بھی شامل ہیں۔ نئے مریضو ں میں 13ہزارمرد جبکہ 5400 خواتین شامل ہیں ۔یواین ایڈ زکی گلوبل فیکٹ شیٹ 2017 کے مطابق دنیا میں ایڈز وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 3 کروڑ67لاکھ ہے ان میں سے خواتین مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 82 لاکھ جبکہ مرد ایک کروڑ 68لاکھ ہیں جبکہ 18 لاکھ بچے بھی اس سے متاثر ہیں ۔