ماسکو(این این آئی)روس نے کہا ہے کہ اس نے شام میں دہشت گرد گروپوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ بمباری ان شامی باغی گروپوں کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے ہفتے کے روز حلب میں کلورین گیس کا حملہ کیا تھا۔روسی نیوز ایجنسی نے ملکی وزارت دفاع کے ترجمان اگور کوناشنکوف کے حوالے سے بتایا کہ یہ فضائی حملے روسی ایئرفورس کے جہازوں نے کیے۔ روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے
کہا کہ شامی باغیوں نے شامی فورسز کے زیر کنٹرول شہر حلب میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے۔ اس حملے میں کلورین گیس کا استعمال کیا گیا۔کوناشنکوف کے مطابق روسی جنگی طیاروں نے حملہ آوروں کی پوزیشنوں کی شناخت اور کیمیائی حملے کے شواہد جمع کرنے کے بعد یہ بمباری کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بمباری کا مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ باغی اس طرح کے ہتھیار دوبارہ استعمال نہ کرسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ ان حملوں کے نتیجے میں باغیوں کے تمام اہداف کو تباہ کر دیا گیا۔