نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا ہے اور کہاکہ اس مقررہ تاریخ پرا ن کی انتخابی مصروفیات طے ہیں جس کے باعث وہ پاکستان آنے اور اس تقریب میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں ، دعوت پر پاکستانی وزیرخارجہ کی شکر گذار ہوں،
توقع ہے حکومت پاکستان اس راہداری کی تعمیر کے تیزی سے عمل کو یقینی بنائے گی۔ ہفتہ کو بھارت کے معروف اخبار ہندوستان ٹائمز اور نجی ٹی وی چینلز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اپنے پاکستان ہم منصب شاہ محمود قریشی کی دعوت پر پاکستان آنے سے معذرت کر لی۔ سشما کا ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ان کی پہلے سے مصروفیات طے ہیں اور انتخابات کے موقع پر ذمہ داریوں کے باعث وہ اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کرتار پور صاحب راہداری کا پاکستان میں سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی دعوت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مقررہ تاریخ پر کرتار پور صاحب کی طرف سفر کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دو معزز رفقاء محترمہ حرسیم رات اور بادل اور ایچ ایس پوری بھارت کی طرف سے اس تقریب میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان اس راہداری کی تعمیر کے تیزی سے عمل کو یقینی بنائے گی تاکہ ہمارے شہری جلد سے جلد اس راہداری کو استعمال کرتے ہوئے گوردوارہ کرتارپور صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے 28 نومبر کو کرتار پور صاحب راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کو شرکت کی دعوت دی تھی۔