اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کیساتھ معلومات تک رسائی اور غیر قانونی اثاثوں کی وصولی پر معاہدہ ہوگا،غیر قانونی اثاثوں سے متعلق رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے احتساب شہزاد اکبر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف سلطان سعید البدیع سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بے نامی اور غیر قانونی جائیدادوں پر
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان معلومات کے تبادلے پر گفتگو کی گئی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ حکومت غیر قانونی جائیداد کی تفصیلات منظر عام لانے کے لیے پرامید ہے۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر انصاف کے ساتھ ملاقات میں جلد پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ معلومات تک رسائی اور غیر قانونی اثاثوں کی وصولی پر معاہدہ ہوگا۔ غیر قانونی اثاثوں سے متعلق رابطوں کو بڑھایا جائے گا۔