کراچی (آئی این پی )جعلی اکانٹس کیس سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو بھی طلب کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی اکانٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو 28 نومبر کو طلب کیا ہے۔ذرائع کا دعوی ہے کہ جے آئی ٹی نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی 29 نومبر
کو طلب کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 ستمبر کو جعلی اکانٹس کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر احسان صادق کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جب کہ اس جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، ایس ای سی پی، نیب، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے نمائندے بھی شامل ہیں۔گزشتہ سماعت کے موقع پر جے آئی ٹی نے جو رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی اس میں جعلی اکانٹس سے متعلق 101 ارب کی ٹرانزکشنز کی بات کی گئی تھی۔