اسلام آباد/لاہور(این این آئی)وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر (ر)اعظم سلیمان نے ملک میں قائم تمام غیرملکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے گرد کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیدیا ۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر (ر)اعظم سلیمان نے سکیورٹی سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں چاروں صوبوں کے سیکرٹریزداخلہ نے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ نے
حکم دیا کہ ملک بھر میں قائم تمام غیرملکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کے گرد فوری کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے اور تمام ایسے منصوبوں پر جہاں غیر ملکی کام کر رہے ہیں وہاں سکیورٹی بڑھائی جائے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کراچی میں چینی سفارتخانے پر حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے ساتھیوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے چاروں صوبوں کے سیکرٹریزداخلہ کو تعاون کی ہدایت کی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کا حکم دیا۔