کراچی (این این آئی)چائنا قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہید اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل محمدعامر خان کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرزگارڈن ساؤتھ میں ادا کردی گئی ۔اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہید سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔شہید اے ایس آئی کی عمر48سال جسکاتعلق نیا آباد لیاری کراچی سے تھا اور سوگواران میں تین بیٹیاں اور ایک تین سالہ بیٹا شامل ہے۔
جبکہ کانسٹیبل کی عمر 35سال اور یہ نیلم کالونی کلفٹن کا رہائشی تھا۔سوگواران میں ایک بیٹی اور ڈھائی ماہ کا بیٹا شامل ہے ۔نماز جنازہ میں گورنر سندھ،وزیراعلیٰ سندھ ، چیف سیکریٹری سندھ، کورکمانڈرسندھ،آئی جی سندھ،ڈی جی رینجرز سندھ ودیگر سینئر پولیس افسران،وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی کے علاوہ شہداء کے عزیزواقارب، دوست احباب اور اہلیان علاقہ نے بھی کثیرتعداد میں شرکت کی۔آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے نماز جنازہ میں شریک شہداء پولیس کے ورثاء سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے دونوں شہدائے پولیس کے لیئے تمغۂ شجاعت کا اعلان کرتے ہوئے انکی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔آئی جی سندھ نے اے آئی جی ویلفیئرسندھ کو ہدایات دیں کہ دونوں شہداء کے حقیقی اور قانونی ورثاء کو محکمہ پولیس کیجانب سے تمام ترمروجہ مراعات کی ادائیگی کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو بھی ہدایات دیں کہ شہداء کے ورثاء کو محکمانہ مراعات کی ادائیگی کے حوالے سے جملہ ضروری قانونی ودستاویزی امور کو ہنگامی بنیاد پر ترتیب دیکر اے آئی جی ویلفیئر سندھ کو ارسال کیئے جائیں۔ واضح ہوکہ چائنا قونصلیٹ پر دہشت گردانہ حملے میں ویزہ حصول کے لیئے آئے ہوئے نیازمحمد ولد عبدالکریم اور اسکا بیٹا محمد ظاہر شاہ ولد نیاز محمد بھی شہید ہوئے مذکورہ دونوں افراد کا تعلق پشتون آباد کوئٹہ سے تھا۔