کوہاٹ؍کابل( این این آئی) پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ خوست میں مسجد کے اندر خودکش بم دھماکہ میں افغان نیشنل آرمی کے26 اہلکار جاں بحق اور 50 دیگر زخمی ہوگئے جبکہ افغان صوبہ ننگرہار اور لوگرمیں اتحادی و افغان فوج کی زمینی و فضائی آپریشن کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 27 افغان شہری شہیدہوگئے۔ سرحدپار سے یہاں موصولہ اطلاعات کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ خوست کے ضلع مندوزئی میں جمعہ کے روز افغان نیشنل آرمی کے کیمپ میں واقع مسجدمیں اْس وقت ایک خودکش بمبار نے آکر خودکو دھماکہ سے اْڑادیا جب افغان فوجی نماز جمعہ پڑھ رہے تھے۔
خوست میں افغان آرمی کے ترجمان کیپٹن عبداللہ کے حوالے سے افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ اس دھماکہ میں افغان نیشنل آرمی کے 10 اہلکار جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے تاہم عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ میں ہلاکتوں کی تعدادکہیں زیادہ ہے جبکہ غیرملکی خبررساں ادارے رائٹر نے مقامی سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے خبردی ہے کہ اس دھماکہ میں افغان نیشنل آرمی کے 26 اہلکارہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔دریں اثنا صوبہ ننگرہار کے ضلع خوگیانی میں گزشتہ شب افغان آرمی نے آپریشن کرنے کے دوران چار افغان شہریوں کو ہلاک کردیا جبکہ تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ مقامی رہنما عبدالجبار کے مطابق ہلاک ہونے والے شہریوں میں ایک خاتون‘ ایک سکول ٹیچر اور دو زمیندار شامل ہیں۔صوبائی ترجمان عطاء للہ خوگیانی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں ۔ ادھر دو روزقبل افغا ن صوبہ لوگر کے محمدآغاکے علاقے آب بذاک میں امریکی و افغان فورسز نے زمینی و فضائی آپریشن کے دوران مقامی آبادی کو نشانہ بنایا جس کی زدمیں آکر 20 افغان شہری شہیدہوگئے جبکہ 13 افراد کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔ اس واقعہ کی سابق افغان صدر حامدکرزئی نے شدید مذمت کی ہے جبکہ افغان حکومت نے واقعہ پر چپ سادھ لی ہے.۔ دریں اثناء صوبہ پروان کے ضلع جبل سراج کے ضلعی پولیس سربراہ جنرل محمدمحفوظ ولی زادہ کے مطابق صوبہ پروان کے ضلع جبل سراج میں میں اتحادی و افغان فورسز نے غلطی سے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین افغان شہری جاں بحق ہوگئے۔