اسلام آباد (این این آئی)نیپرا نے اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی 47پیسے مہنگی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، بجلی صارفین پر 4ارب35کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا ، کے الیکٹرک کے صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا ۔نیپرا نوٹی فکیشن میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی کہ اکتوبر کی فیول پرائس
ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں ہونے والا اضافہ صارفین سے دسمبر کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے ۔پچاس یونٹ بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا ، نوٹی فکیشن کے مطابق اکتوبر میں فی یونٹ بجلی پیداوار پر فیول لاگت کا اوسط تخمینہ 5روپے 25پیسے لگایا گیا تھا جو 5روپے 71 پیسے تک پہنچ گیا۔