ریاض(این این آئی)مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی غائبانہ نمازِ جنازہ مدینہ منورہ میں مسجد النبوی الشریف میں جمعہ کو نمازِ فجر کے بعد ادا کردی گئی ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے جمال خاشقجی کے قتل کے واقعے کی تحقیقات کے اعلان کے بعد مقتول کے بیٹے صلاح خاشقجی نے تین ٹویٹس جاری کی ہیں اور ان میں اپنے والد کی غائبانہ نماز جنازہ کے وقت کی
اطلاع دی ۔انھوں نے کہا کہ ان کے عزیز و رشتے دار ، جاننے والے اور عام لوگ جد ہ میں ان کی رہائش گاہ پر آیندہ ہفتے کے دوران میں اظہارِ تعزیت کے لیے آسکتے ہیں،صلاح نے ایک ٹویٹ میں سوگوار خاندان سے اظہارِ تعزیت کے لیے آنے والی خواتین کے وقت کے اطلاع دی اور دوسری ٹویٹ میں مرد حضرات کا وقت متعیّن کیا۔انھوں نے اللہ سے دعا کی کہ وہ ان کے مقتول والد کی مغفرت فرمائیں اور مصیبت کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائیں۔