اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کی سیاست میں ”بیگم ڈپلومیسی“ سامنے آ گئی ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنرپنجاب چودھری محمد سرور کے درمیان تنازع کو سلجھانے کیلئے دونوں کی بیگمات میدان میں آ گئیں۔روزنامہ خبریں کے مطابق بیگم گورنر اور بیگم وزیراعلیٰ نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی ۔ایک دوسرے سے ہاتھ ملائے، گلے ملیں، چاکلیٹ سے منہ بھی میٹھے کیے اور پھر شوہروں کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے
سرجوڑ لئے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی والدہ محترمہ بھی موجود تھیں جنہوں نے دونوں کو دعائیں دیں۔ بنیادی طور پر یہ ملاقات اس تاثر کو دو رکرنے کیلئے کی گئی کہ وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب میں کوئی بھی غلط فہمی نہیں، بیگموں کی طرح وہ بھی ساتھ ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ ویڈیو لیک معاملے کے بعد پنجاب حکومت کے درمیان اختلافات کی خبروں کو تقویت ملی تھی ۔لیکن سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اس تاثر کی تردید کی تھی۔