لاہور (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور وفاقی وزیر ہاسنگ طارق بشیر چیمہ کی تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی ویڈیو لیک ہونے کی ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ ویڈیو مسلم لیگ (ق) کے قائدین چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کے ذاتی فوٹو گرافر چوہدری محمد اقبال نے میڈیا کو جاری کی
اور انہیں تنبیہہ کی گئی ہے کہ وہ آئندہ ایسی غلطی نہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے ہفتہ کو سینیٹ کی دو نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے معاملے پر مشاورت کیلئے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی ، وفاقی وزیر ہا?سنگ طارق بشیر چیمہ ، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر سے ملاقات کی تھی، جس میں طارق بشیر چیمہ نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اپنے حلقے میں مداخلت کی شکایت کی اور چوہدری پرویز الٰہی نے بھی جہانگیر ترین سے کہا تھا کہ چوہدری سرور کو روکیں جب یہ ویڈیو نجی ٹی وی چینلز پر جاری کی گئی تو تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت اور سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی، جس کے بعد گورنر پنجاب نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور طارق بشیر چیمہ کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرانے کے علاوہ ملاقات کی ویڈیو لیک ہونے کا شکوہ بھی کر ڈالا۔ ذرائع کے مطابق یہ ویڈیو مسلم لیگ (ق) کے آفیشل فوٹوگرافر چوہدری اقبال نے اپنے موبائل فون سے بنائی تھی اور وہ اس کی آواز میوٹ کئے بغیر غلطی سے میڈیا کو جاری کر دی، جس پر میڈیا میں ہلچل مچ گئی، چوہدری پرویز الٰہی نے اپنے فوٹو گرافر چوہدری اقبال پر برہمی کا اظہار کیا اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی جبکہ چوہدری اقبال کا یہ موقف ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو غلطی سے جاری کی ہے اور جلدی میں وہ اس ویڈیو میں سے آواز کو میوٹ نہیں کر سکے جس کی وجہ سے یہ سارا معاملہ منظر عام پر آیا۔