اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اتحادی جماعتوں کے جہانگیر ترین سے شکوے اور شکایتوں کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا ہے اور ملاقات کے دوران جو گفتگو ہوئی ہے اس کا بھی نوٹس لیا گیا ہے، واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ پر لاہور میں موجود ہیں اور جہانگیر ترین اور اتحادی جماعت کے اراکین کے درمیان جو گفتگو منظر عام پر آئی ہے اس کی اطلاع بھی وزیراعظم کو موصول ہو چکی ہے اور اس بات کا انہوں نے نوٹس لے لیا ہے،
ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تحریک انصاف کے ذرائع اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان اپنا قیام لاہور میں بڑھانے پر غو ر کر رہے ہیں، ہو سکتا ہے کہ وہ لاہور میں ایک دن مزید قیام کریں، اگر انہوں نے ایک دن مزید لاہور میں قیام کیا تو پھر اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی اراکین کو بلا کر ایک اجلاس بلایا جائے گا جس میں یہ معاملات طے کیے جائیں گے، جن کے تحفظات ہیں ان کے تحفظات سنے جائیں گے اور اگر انہیں حل کرنے کی کوششیں ہو سکتی ہیں تو اس پر بھی غور کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تحریک انصاف کے اراکین اور اتحادی جماعت کے اراکین کو آمنے سامنے بٹھا کر بات ہو سکتی ہے، واضح رہے تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کے درمیان شدید اختلافات سامنے آگئے ہیں اور جہانگیر ترین اور ق لیگ کی قیادت کے دوران گفتگو کی ویڈیو لیک ہو گئی ہے اور نجی ٹی وی نے ویڈیو چلا دی،ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہانگیرترین، طارق بشیر چیمہ، پرویز الٰہی ڈرائنگ روم میں بیٹھے ہیں۔ واضح رہے کہ جہانگیر ترین نے ق لیگ کی قیادت سے آج پنجاب میں سینٹ کی دو نشستوں پر الیکشن کے حوالے سے ملاقات کی تھی جس کی ویڈیو لیک ہو گئی جسے نجی ٹی وی دنیا نیوز نے چلا دیا ہے جس میں واضح طور پر تحریک انصاف اور اس کی پنجاب میں اتحادی جماعت میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ملاقات میں طارق بشیر چیمہ نے حمزہ شہباز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کو دیکھ لیں وہ یہاں کیا کررہا ہے؟
جس پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ آپ تو ادھر ہوتے ہیں میں یہاں ہوتا ہوں حمزہ میرے اور خان صاحب کے بارے میں ہی بات کرتا ہے، خان صاحب پر تو کم کرتا ہے میرے پر زیادہ کرتا ہے جس پر سب ہنس پڑتے ہیں جبکہ اس موقع پر طارق بشیر چیمہ جہانگیر ترین کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ چوہدری سرور کو کنٹرول کریں، جس پر پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ یہ کہہ رہا ہے کہ چوہدری سرور کو کنٹرول کریں۔ طارق بشیر چیمہ پھر جہانگیر ترین سے مخاطب ہوتے ہیں اور کہتے ہیں اس نے آپ کے چیف منسٹر کو نہیں چلنے دینا، آپ چوہدری سرور کو کنٹرول کریں۔ویڈیو سے صاف محسوس کیا جا سکتا ہے کہ ق لیگ کی قیادت کو تحریک انصاف کے رہنما اور گورنر پنجاب چوہدری سرور پر شدید تحفظات ہیں اور وہ انہیں اپنے راستے کی دیوار سمجھتی ہے۔