اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف کی نا اہلی اور شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی نے فارورڈ بلاک پر کام شروع کر دیا ۔اس حوالے سے پہلے مرحلے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی اراکین قومی اسمبلی آپس میں رابطے کر رہے ہیں۔ایک قومی روزنامے میں شائع خبر کے مطابق اس فارورڈ بلاک کا اعلان اس وقت ہو گا۔
جب اس کےاراکین کی تعداد لیگی اراکین کے نصف سے زائد ہو گی اور اس طرح مسلم لیگ ن کا یہی فارورڈ بلاک ہی اصل مسلم لیگ کی تعداد میں زیادہ ہونے کی وجہ سے قومی اسمبلی میں پہلے مرحلے پر اپنا قائد حزب اختلاف چنے گا اور پھر مرحلہ وار پنجاب اسمبلی میں بھی حقیقی فارورڈ بلاک سامنے لائے جانے کی کوشش کی جائے گی۔جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن سے نواز شریف اور ان کے خاندان کے عنصر کا خاتمہ ہو جائے گا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ذرائع کے مطابق اس وقت اس مقصد کے لیے جنوبی پنجاب کے ایک سیاست دان سر گرم ہیں۔لاہور ڈویژن سے بھی ایک رکن قومی اسمبلی اندرون خانہ رابطوں میں لگے ہوئے ہیں اور وہ دیگر ممبران کو یقین دلا رہے ہیں کہ کو ایسا نام سامنے لایا جائے جو اراکین اسمبلی کے ساتھ ساتھ پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کو بھی قابل قبول ہو اور جس پر کوئی بڑا الزام بھی نہ ہو،نہ ہی وہ نیب سمیت دیگر تفتیشی اداروں کو مطلوب ہو۔ذرائع کے مطابق اس صورتحال کے حوالے سے اگلے دو ماہ میں بہت کچھ واضح ہو جائے گا۔اور پنجاب سے کامیابی کے بعد دیگر صوبوں میں بھی مسلم لیگ کے اراکین اسمبلی سے رابطہ مہم شروع کی جائے گی۔واضح رہے کہ چوہدری نثار سمیت کئی اراکین پارٹی قیادت سے ناراض ہیں ۔جن میں سے بیشتر ن لیگ کو خیرباد بھی کہہ چکے ہیں۔