لاہور(این این آئی)موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی خشک میوہ جات کی مانگ اور قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ۔ مارکیٹ سروے کے مطابق موسم سرما کا آغاز ہونے کے ساتھ خشک میوہ جات کی طلب بڑھ گئی ہے جسے دیکھتے ہوئے دکانداروں نے بھی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال مقامی خشک میوہ جات کی قیمتوں میں 100سے 300روپے تک اضافہ دیکھا جارہا ہے تاہم افغانستان سمیت دیگر ممالک سے آنے والے خشک میوہ جات کی قیمتوں میں فی کلو 300سے 1000روپے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔
مارکیٹ میں بادام (چھلکے والا )400سے لے کر 700روپے فی کلو،بادام ( گری )1200سے لے کر 1800روپے ،چلغوزہ 4000سے 4500روپے ،کاجو1800سے 2200روپے فی کلو ،اخروٹ( چھلکے والا)500سے 700روپے ، اخروٹ ( گری)1800سے 2000روپے فی کلو، انجیر 1200سے 1500روپے فی کلو جبکہ خشک خوبانی 800سے 1000روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ مونگ پھلی کی قیمتوں میں بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔