کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے فارمز جمع کرانے کے لیے اب لوگوں کو گھنٹوں قطار میں نہیں لگنا پڑے گا، نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیشن اتھارٹی(نادرا)نے پروگرام کے فارمز آن لائن جمع کرانے کی سہولت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں نادرا کے ڈائریکٹر رضوان حیدر نے بتایاکہ آن لائن فارم جمع کرانے کی سہولت عوام کو درپیش مسائل کے پیش نظر کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں عوام کو رواں ہفتے خوش خبری سنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ فارمز جمع کرانے کے مراکز کی
تعداد کم ہونے کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس سے فارمز جمع کرانے کی تعداد بھی خاصی کم تھی۔انہوں نے کہاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا نادرا کی اولین ترجیح ہے، آن لائن فارمز جمع کرانے کی سہولت آن لائن کے بعد دور دراز کے لوگ بھی با آسانی اپنے فارمز جمع کرا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں لوگوں کو ہاؤسنگ پروگرام کے فارمز جمع کرانے کے لیے نادرا نے موبائل رجسٹریشن وین سروس شروع کردی ہے۔