اسلام آباد (آن لائن) ایئرمارشل عاصم ظہیر کو پاک فضائیہ کا نائب سربراہ مقرر کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پاک فضائیہ میں ڈپٹی چیف آف ایئرسٹاف ایڈمنسٹریشن کے طور پر خدمات انجام دینے والے ایئرمارشل عاصم ظہیر کو پاک فضائیہ کا نائب سربراہ مقرر کر دیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ایئرمارشل عاصم ظہیر اپنے کیریئر کے دوران فائٹر سکوارڈن ، آپریشنل ایئربیس ، پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کی کمانڈ کی
جبکہ وہ چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر ( فالکن) کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں اس کے علاوہ وہ فرانس میں ڈیفنس اتاشی کی بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ایئرمارشل عاصم ظہیر کو شاندار خدمات پر ہلال امتیاز ملٹری سے بھی نوازا گیا ہے اور انہوں نے نومبر 1984 ء میں جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کی اور کمبیٹ کمانڈر سکول ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور جنرل سٹاف کالج جرمنی سے مختلف کورسز کر رکھے ہیں ۔