ریاض(این این آئی)خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے المنیا میں دہشت گردوں کے حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ایک برقی پیغام میں کہا کہ مصر میں المنیا گورنری میں گذشتہ روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب
المنیا میں دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور مشکل کی گھڑی میں مصری قوم اور حکومت کے ساتھ ہے۔بیان میں دہشت گردی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے بھی تعزیت اور مقتولین کی مغفرت کی دعا کے ساتھ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز مصر کی المنیا گورنری میں ایک دہشت گردانہ حملے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے تھے۔