صنعاء(این این آئی)یمن کے صوبہ الحدیدہ میں واقع ضلع المراوعہ میں حوثی ملیشیا کے ایک تربیتی کیمپ پر عرب اتحاد کے فضائی حملوں میں کم سے کم ڈیڑھ سو جنگجو ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ۔یمنی فوج کے میڈیا مرکز نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے حوثی ملیشیا کے ایک تربیتی کیمپ شدید بمباری کی ۔اس کے بعد ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے کیمپ کا محاصرہ کر لیا اور وہ کسی کو بھی اس کے اندر جانے کی اجازت نہیں دے
رہے تھے۔فضائی حملوں کے بعد حوثیوں کی گاڑیوں پر مرنے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جارہا تھا۔ادھر الحدیدہ شہر میں واقع اسپتال حوثی جنگجوؤں کی لاشوں او ر زخمیوں سے اٹ گئے ۔حوثی ملیشیا کے سکیورٹی سپر وائزروں نے تمام اسپتالوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عام مریضوں کو داخل نہ کریں اور صرف فضائی حملوں اور لڑائی میں زخمی ہونے والے جنگجوؤں کا علاج کیا جائے اور مہلوکین کی لاشیں اسپتالوں کے سرد خانوں میں رکھوا دی جائیں۔