اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کرپشن کیس میں گرفتار سابق چیئرمین فشری نثارمورائی کا ایک ساتھی شاہد صدیقی سینٹرل جیل سے نیب عدالت لاتے ہوئے مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی فشرمین سوسائٹی کے فنانس مینیجر شاہد صدیقی کو گزشتہ دنوں کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ سینٹرل جیل میں قید تھے۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات ناصر آفتاب کے مطابق فشری ریفرنس
کے تمام ملزمان کو احتساب عدالت میں پیشی کےلئے لایا جا رہا تھا کہ شاہد صدیقی کو گاڑی میں بیٹھے ہوئے دل کا دورہ پڑا۔انہیں فوری طور پر جیل کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ذرائع کے مطابق آغاخان ہسپتال کی انتظامیہ نے انہیں علاج کی غرض سے ہسپتال میں داخل کرنا چاہا تھا مگر شاہد صدیقی نے مہنگے ہسپتال میں علاج کی طاقت نہ رکھنے کی بنا پر علاج سے معذرت کی تھی۔