اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر قانون بیرسٹرفروغ نسیم سے پاکستان میں متعین سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، وفاقی وزیر قانون نے کرپشن خاتمے کیلئے سوئس حکومت سے تعاون کی درخواست کی۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سوئٹزر لینڈ نے پاکستان کو سوئس بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر تھامس کولی نے وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم سے ملاقات میں کہا کہ سوئس حکومت کرپشن اور ٹیکس چوری کا پیسہ
اپنے ملک میں نہیں آنے دے گی۔ سفیر نے مزید کہا کہ سوئس حکومت کرپشن اور ٹیکس چوری کا پیسہ اپنے ملک میں نہیں آنے دے گی، انہوں نے کہا کہ بدعنوانی روکنے کیلئے سوئس حکومت پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہے۔ سوئٹزر لینڈ کے سفیر نے کہا کہ وائٹ منی اسٹریٹجی کے تحت سوئس حکومت بلیک منی کو اپنے فنانشل سیکٹر کے قریب نہیں آنے دے گی۔ اس موقع وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح کرپشن کا خاتمہ ہے، انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے سوئٹزر لینڈ کی حکومت سے تعاون درکارہے۔