اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اسرائیلی طیارے کی مبینہ طور پر پاکستان آمد پر وزیر خارجہ کی وضاحت تسلیم کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم ایم اے کے تحفظات پر معاملے کی تحقیقات کیلئے ایوان کی کمیٹی بنائی جائے ۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ محمود قریشی نے
اسرائیلی طیارے کی آمد کی خبر کو من گھڑت ٗ بے بنیاد اور جعلی قرار دیا جس کے بعد قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے اسرائیلی طیارے کی آمد سے متعلق وزیرخارجہ کی وضاحت قبول کرلی۔شہباز شریف نے کہا کہ وزیرخارجہ جنٹلمین ہیں، ان کا موقف تسلیم کرتے ہیں تاہم اپوزیشن میں شامل ایم ایم اے کے رکن مولانا عبدالواسع کی جانب سے تحفظات ہیں ۔اپوزیشن نے تجویز دی کہ اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایوان کی کمیٹی بنا دی جائے۔ ا س موقع پر وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ اسرائیلی طیارے کی آمد سے متعلق شہباز شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں جس روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم سیاہ منایا جارہا تھا اس وقت پاکستان کے خلاف یہ سازش کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ یوم سیاہ کے موقع پر یہ تنازعہ کھڑا کرکے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔ پاکستان کی سرزمین پر کسی اسرائیلی طیارے کی آمد کو برداشت نہیں کر سکتے۔