اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کے 100روز 100کوڑے بن گئے ہیں، پی ٹی آئی کے ہر رکن کو 10کروڑ روپے کے فنڈ دیئے گئے ہیں،وزیرخزانہ اسمبلی میں تقریر کر کے چلے گئے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ وزیرخزانہ اپنا خطاب کر کے چلے گائے، ہمیں کہا گیا کہ معیشت پر بحث کریں، اجلاس میں نہ وزیرخزانہ موجود تھے اور نہ ہی وزارت خزانہ کا کوئی سینئر افسر موجود تھا،
حکومت انتہائی سنجیدہ مسئلے کا غیر سنجیدہ اظہار کر رہی ہے، جب پی ٹی آئی اپوزیشن میں بھی تب بلند آواز میں کہتی تھی کہ حکومت کے وزراء کو اجلاس میں شریک ہونا چاہیے، ان کے اراکین قورم پورے کرنے میں دلچسپی نہیں لے رہے، ان کے وزراء اسمبلی کی کاروائی میں شریک نہیں ہورہے ہیں، اسمبلی میں متعلقہ وزیر جو بحث شروع کرتا ہے اسے ختم بھی کرتا ہے، حکومت سو روز سو کوڑے بن گئے ہیں، پی ٹی آئی کے ہر رکن اسمبلی کو دس کروڑ روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔