لاہور (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے رات گئے بیگم کوٹ میں کارروائی کی۔ مختلف برانڈز کے کروڑوں روپے مالیت کی انرجی ڈرنکس، غیر ملکی جوس، چاکلیٹس، کافی بین اور کافی جارزبرآمد کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا پر بڑی گرفت، پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی جعل سازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں رات گئے بیگم کوٹ میں کارروائی کی گئی۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کروڑوں روپے مالیت کی 24 لاکھ، 76 ہزار سے زائد ایکسپائر اشیاء برآمد کر لیں۔ ایکسپائر اشیاء میں انرجی ڈرنکس، غیر ملکی جوس، چاکلیٹس ، کافی بین اور کافی جارز شامل ہیں۔ مختلف انرجی ڈرنکس کے 9 لاکھ 99 ہزار 9 سو ساٹھ ٹن برآمد کیے گئے۔غیر ملکی جوس کے 1 لاکھ 98 ہزار، مالٹ بیوریج کے 1 لاکھ 22 ہزار ڈبے برآمد کیے گئے۔6 لاکھ 80 ہزار کافی بین، 3 لاکھ 96 ہزار نیس کیفے کافی کے پیکٹ برآمد کیے گئے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ تمام ایکسپائر اشیاء کی تاریخ تبدیل کر کے مختلف سٹورز کو فروخت کیا جاتا تھا۔جعل ساز مافیا تاریخ تبدیل کرکے اشیاء کی فروخت کا دھندہ کافی عرصے سے چلا رہا تھا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ زائد المیعاد اشیاء کا استعمال انتہائی خطرناک بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ زائد المیعاد انرجی ڈرنکس میں زہریلے مادے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی برآمد شدہ تمام ریکارڈ کی چھان بین کر رہی ہے جلد ہی پورے گروہ کو گرفت میں لائیں گے۔