مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی)فلسطینی مرکزی کونسل نے اسرائیل کو بہ طور ریاست تسلیم کیے جانے کا فیصلہ معطل کرنے، اسرائیل کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون ختم کرنے اور صہیونی ریاست اور امریکا کے خلاف کئی دیگر اقدامات کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ معطل کرنے کا اعلان کیا گیا اور اس کی حتمی منظوری اور عمل درآمد تنظیم آزادی فلسطین کرے گی۔کونسل کے 30 ویں اجلاس میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے تک معطل کیا جا رہا ہے۔خیال رہے
کہ فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام سیکیورٹی ادارے اسرائیل کے ساتھ مل کر فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں کی روک تھام میں سرگرم رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صدر عباس کی ماتحت ملیشیا کو اسرائیلی فوج کی غرب اردن میں بی ٹیم بھی کہا جاتا ہے۔مبصرین کا کہناتھاکہ اگر فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون روک دیا تو اس کے نتیجے میں صہیونی فوج کے لیے مشکلات بڑھ سکتی ہیں اور تشدد کے واقعات میں اضافہ بھی ممکن ہے۔خیال رہے کہ فلسطینی مرکزی کونسل کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ معطل کرنے کا اعلان جنوری 2015ء میں بھی کیا گیا تھا مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔