اسلام آباد(آئی این پی)آئی جی اسلام آباد جان محمد آئندہ اتوار کو ملائیشیا سے واپس آئیں گے ، جان محمد 27اکتوبر کو ملائیشیا میں ایک کورس میں شرکت کیلئے روانہ ہوئے تھے ، حکومت کی طرف سے 27اکتوبر کو جان محمدکو آئی جی کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی ،
جان محمدنے ملائشیا روانگی سے ایک روز قبل ہی ڈی آئی جی وقار چوہان کو قائمقام آئی جی کا چارج دے دیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد جان محمدنے26اکتوبر کو ملائشیا میں ایک کورس کے لئے جانے کے سلسلے میں قائمقام آئی جی کا چارج ڈی آئی جی وقار چوہان کو دیا تھا اور27اکتوبر کو وہ ملائشیا روانہ ہوئے ، جس روز جان محمد ملائشیا روانہ ہوئے اسی روز وفاقی حکومت کی طرف سے آئی جی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا اور اسٹیبشلمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ جان محمد کو وفاقی وزیر اعظم سواتی کے فارم ہاؤس میں مویشی داخل ہونے پر جھگڑے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث عہدے سے ہٹایا گیا ۔ وفاقی وزیر اعظم سواتی نے جان محمد کو ٹیلی فون کیا تاہم انہوں نے فون اٹینڈ نہیں کیا جس پر اعظم سواتی نے سیکرٹری داخلہ اور وزیر مملکت داخلہ کو جان محمد کی شکایت کی ۔ وزیر مملکت داخلہ اور سیکرٹری داخلہ نے بھی جان محمد سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے بات نہ ہوئی جس پر سیکرٹری داخلہ نے صورتحال سے وزیراعظم آفس کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر جان محمد کو 26اکتوبر کو عہدے سے ہٹا دیا تا ہم اب سپریم کورٹ آف پاکستان نے جان محمد کو آئی جی اسلام آباد سے عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا ہے اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے ۔ جان محمد دس روزہ کورس کیلئے ملائشیا میں ہیں اور وہ آئندہ پیر کو پاکستان واپس آئیں گے ۔