اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال پر بحث اور تجاویز کی روشنی میں اقتصادی پالیسی بنانے کے لئے تحریک منظور کرلی ہے (آج) منگل کو بحث شروع کرائی جاگی۔ پیر کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایوان میں تحریک پیش کی کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ ملک کی دگرگوں اقتصادی صورتحال پر سیر حاصل بحث ہو‘ اپوزیشن اور حکومتی اراکین اس پر اپنی اپنی تجاویز دیں تاکہ ایک معاشی
چارٹر بن سکے۔ ان تجاویز کو کمیٹی میں بھی بھجوایا جائے گا ٗ اس پر اقتصادی ماہرین کی بھی رائے لی جائے گی۔ اس کا مقصد ایک ایسی پالیسی بنانا ہے جس پر آنے والی حکومتیں بھی عمل کر سکیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک ایوان میں منظوری کے لئے پیش کی جس کی منظوری کے بعد انہوں نے کہا کہ اس پر (آج) منگل سے بحث شروع کرائی جائے گی۔ انہوں نے تمام جماعتوں سے کہا کہ وہ بحث میں حصہ لینے والے اپنے اپنے اراکین کی فہرست پیش کریں۔