صنعاء(این این آئی)یمن میں جاری لڑائی اور عرب اتحادی جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 40 حوثی باغی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔امریکی ٹی وی کے مطابق اتحادی فوج کے طیاروں نے الحدیدہ شہر کو بھیجی گئی ایک کمک کو نشانہ بنایا۔ اس کے علوہ سرکاری فوج نے دارالحکومت صنعاء اور الحدیدہ شہر کو ملانے والی شاہراہ پر 10 سے 16 کلو میٹر کے علاقے پر باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ ان واقعات میں درجنوں حوثی شدت پسند ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ۔یمن کے عسکری ذرائع
کے مطابق عمالقہ فورسزنے جنوب مشرقی الحدیدہ میں فوجی کارروائی کے دوران باغیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی جس میں متعدد باغی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سرکاری فوج اور باغیوں کے درمیان صنعاء سے 16 کلو میٹر دور شاہراہ پر گھمسان کی لڑائی جاری ہے۔ بمباری میں حوثیوں کے کیمپ، رہائش گاہیں اور دیگر تنصیبات بھی نشانہ بنی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کی طرف سے صنعاء سے الحدیدہ کو افرادی قوت اور اسلحہ کی کھیپ بھیجنے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا۔