غزہ(این این آئی)فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی شمالی سرحد پر جمعہ کے روز احتجاج کرنیوالے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔غزہ میں وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں گزشتہ روز کے اجتماعات کے بعد ہزاروں فلسطینیوں نے سرحدی باڑ کے قریب جمع ہوکر مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر طاقت کا استعمال کیا۔شہید ہونے والے شہریوں کی شناخت27 سالہ
محمد عبدالنبی، 19 سالہ نصار ابو تیم، 22 سالہ احمد ابو لبدہ، 23 سالہ عائش شعث اور 23 سالہ مجاہد زیاد زکی عقل کے نام سے کی گئی ہے۔ تین شہداء کا تعلق غزہ کے جنوبی شہر خان یونس سے ہے جبکہ تین کا جبالیا، اور دوسرے فلسطینی قصبوں سے ہے۔ اسرائیلی فوج نے فائرنگ سے 250 فلسطینی زخمی ہوئے۔وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔