ریاض (آن لائن) سعودی حکمران خاندان کے ناقد مقتول صحافی جمال خاشقجی کے صاحبزادے ملک چھوڑ کر امریکا چلے گئے ۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے مقتول صحافی کے صاحبزادصالح خاشقجی پر عائد سفری پابندیاں اٹھالی ہیں جس کے بعد وہ فوری طور پر ملک چھوڑ گئے ہیں، صالح خاشقجی کی امریکا آمد کے مقام کو خفیہ رکھا گیا ہے اور عوامی سطح پر کسی کو ان کی آمدو و رفت کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا۔ہیومن راٹس واچ کا کہنا
ہے کہ سعودی عرب نے خاشقجی کے قتل کے بعد ان کے خاندان پر عائد سفری پابندی کو ختم کردیا ہے۔دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالاڈینو نے کہا ہے کہ صالح خاشقجی پر پابندیاں ختم کرنے کے سعودی فیصلے کو واشنگٹن نے سراہا ہے ، امریکا اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ نے دورہ سعودی عرب کے دوران حکام پر واضح کیا تھا کہ واشنگٹن بہرصورت صالح خاشقجی کی امریکا واپسی چاہتا ہے۔