اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سانپ انڈے دیتے ہیں یا بچے؟ اس سوال کا جواب اکثر لوگوں کو درست طور پر معلوم نہیں اور عموماً یہ سمجھا جاتا ہے کہ سب سانپ انڈے دیتے ہیں۔مشہور جریدے ”نیشنل جیو گرافک“ کے مطابق سب سانپ انڈے نہیں دیتے بلکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ سانپوں کی تقریباً 30 فیصد اقسام ایسی ہیں کہ جو بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ بچے دینے والے سانپوں کو Viviparous کہا جاتا ہے اور یہ عموماً ٹھنڈے علاقوں میں رہتے ہیں۔ ان کا ماحول اتنا سرد ہوتا ہے کہ اس میں مادہ کے لئے انڈے سینا ممکن نہیں ہوتا لہٰذا قدرت نے ان میں افزائش کا طریقہ زندہ بچوں کو جنم دینے کی صورت میں مقرر کر رکھا ہے۔ انڈے دینے والے سانپوں کو Oviparous کہا جاتا ہے اور یہ عموماً گرم علاقوں میں رہتے ہیں۔ ان کا گرم ماحول انڈے سینے کے لئے موزوں ہوتا ہے۔سانپوں کے انڈے لچیلے ہوتے ہیں اور بچے کے بڑا ہونے کے ساتھ انڈہ بھی بڑا ہوتا جاتا ہے۔ سانپ کا بچہ اپنے دانت سے انڈے کے خول کو توڑ کر باہر آتا ہے۔ مادہ سانپ کے انڈوں کی تعداد نصف درجن سے لے کر 100 تک ہوسکتی ہے اور مادہ بچوں کی پیدائش سے پہلے ہی یا پیدائش کے فوری بعد انہیں چھوڑ دیتی ہے۔