قاہرہ(این این آئی)مصر کی ایک فوج داری عدالت نے انصار الشریعہ کیس میں ماخوذ تین ملزمان کو سزائے موت اور چار کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مصر کے ایک عدالتی ذرائع نے بتایاکہ جنوبی قاہرہ میں طرہ جیل سے متصل فوجی عدالت نے انصار الشریعہ بریگیڈنامی غیرقانونی عسکری گروپ تشکیل دینے،حکومت کا تختہ الٹنے اور اگست 2013ء
سے مئی 2014ء کے دوران حملوں میں 10 پولیس اہلکاروں کو قتل کرنے کے الزام میں تین ملزمان کو سزائے موت دی گئی۔عدالت نے چار ملزمان کو عمر قید،7 کو 15 سال قید جب کہ 9ملزمان کو بری کردیا گیا۔ اس کیس میں مجموعی طورپر 23 ملزمان شامل ہیں جن میں سے 19 کو گذشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزمان کو فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق ہے۔