برلن(این این آئی)وفاقی جرمن صوبے باویریا کے انتخابات میں جرمن چانسلر میرکل کی اتحادی اور حکمران سیاسی جماعت سی ایس یو کو اپنی تاریخ کے بدترین نتائج کا سامنا کرنا پڑا۔ سات دہائیوں میں تیسری مرتبہ سی ایس یو کو شراکت اقتدار کرنا پڑے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے وفاقی انتخابات میں اے ایف ڈی نے چانسلر میرکل کے قدامت پسند اتحاد سی ڈی یو اور سی ایس یو کے ووٹ بینک کو بری طرح متاثر کیا تھا۔ صوبہ باویریا کے انتخابات میں بھی
چانسلر میرکل کی اتحادی جماعت کرسچن سوشل یونین نے گزشتہ سات دہائیوں کی بدترین کارکردگی دکھائی۔ سن 1950 کے بعد ایسا تیسری مرتبہ ہو رہا ہے کہ سی ایس یو کو حکومت بنانے کے لیے دیگر جماعتوں کا سہارا لینا پڑے گا۔منعقد کیے گئے ان انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کی کارکردگی بھی انتہائی مایوس کن رہی جب کہ مہاجرین اور مسلم مخالف عوامیت پسند جماعت اے ایف ڈی اور گرین پارٹی کو ماضی کے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔