کراچی (آئی این پی) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چوروں اور ڈاکوئوں کے نام پر اپوزیشن خوف کا شکار ہوجاتی ہے‘ ہمارا قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا‘ ملک میں احتساب کا آغاز ہونا ضروری ہے‘ گزشتہ حکومت کے چھ بڑے منصوبوں کے آڈٹ کرائیں گے۔ جمعہ کو وزیر مواصلات مراد سعید نے مزار قائد پر حاضری دی۔ وزیر مملکت نے
مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مراد سعید نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے، مزار قائد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ اب کسی کو مرضی کی بناء پر پراجیکٹ نہیں دیئے جائیں گے۔ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر شور ڈالا گیا ہم نے چوروں اور ڈاکوئوں کو پکڑنے کا کہا تو اپوزیشن خوف کا شکار ہوگئی۔ آج ملک قرضوں کے بوجھ تلے ڈوب گیا ہے ملک میں احتساب کا آغاز ہونا ضروری ہے۔ احتساب کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ عمران خان نے قوم سے جو وعدے کئے وہ پورے ہوں گے۔ ہم نے سب سے پہلے اپنی منسٹری کے اندر احتساب کا عمل شروع کیا قبضہ مافیا سے زمینیں واگزار کرائی گئی ہیں ہمارا مافیا کے خلاف آپریشن جاری رہے گا ہم پاکستان کے موٹر وے کو بالکل صاف بنائیں گے۔ گزشتہ حکومت کے چھ بڑے منصوبوں کا آڈٹ کرائیں گے۔ اٹھائیس ہزار ارب کا قرضہ کہاں خرچ ہوا ہے کہیں بھی غیر قانونی تعمیرات ہوئی ہیں اس سے ہمیں آگاہ کیا جائے۔