لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ہی ہاتھوں سے بنائی گئی اوپن ڈور پالیسی کو اپنے ہی ہاتھوں سے ہوا میں اڑا دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوامی مسائل کے حل کیلئے حکم دے رکھا ہے کہ تمام بیورو کریٹس اپنے دفاتر کے دروازے روزانہ کی بنیاد پر صبح دس بجے سے بارہ بجے تک کھلے رکھیں لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب گزشتہ روز صبح پونے گیارہ بجے ہی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنی پالیسی کے برعکس چیف سیکرٹری
پنجاب سمیت تمام دیگر سیکرٹریوں کو ویٹنگ روم میں طلب کر لیا اور تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت شروع کر دی۔ جس کے باعث اپنے امور کی انجام دہی کیلئے آئے ہوئے سائلین کی کثیر تعداد کو افسران سے ملاقات کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب تمام دن مختلف محکمہ جات کے اجلاسوں کی صدارت کرتے رہے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے اجلاس میں رواں مالی سال کے بجٹ کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ بھی لیا جاتا رہا۔