ہرارے (نیوز ڈیسک) زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیوواٹمور نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں، سیکیورٹی خدشات ہوتے تو اپنی اور ٹیم کھلاڑیوں کی زندگی کو داﺅ پر نہ لگاتا، مجھے یقین ہے کہ یہ سیریز کامیاب ہو گی اور ہم گرین شرٹس کو سیریز میں شکست دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ زمبابوین ٹیم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گی اور یہ چھ برس بعد ٹیسٹ کھیلنے والی کسی بھی ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔ 2009ءمیں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلی۔ اپنے ایک انٹرویو میں زمبابوین ٹیم کے کوچ نے کہا کہ میں گرین شرٹس کی کوچنگ کر چکا ہوں مجھے نہیں لگتا کہ وہاں پر سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ ہے اسلئے میں دوبارہ لاہور جانے کیلئے بے چین ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دورہ پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہے اور میں دوبارہ پاکستان جانے پر خوشی محسوس کر رہا ہوں، میرا ہدف ٹیم کی رینکنگ کو بہتر بنانا ہے، ٹیم باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ہوم گراﺅنڈ پر گرین شرٹس کے خلاف سیریز چیلنجنگ ہو گی تاہم کھلاڑی ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں اور میرا دل کہتا ہے کہ ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر وطن لوٹے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم دورے کے دوران برینڈن ٹیلر کی کمی کو شدت سے محسوس کرے گی۔