کراچی(این این آئی)رواں مالی سال 2018-19 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو 49.21 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں۔۱ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2017-18 کے دوران نجی شعبہ نے 775 ارب روپے کے قرضہ جات حاصل کئے تھے ۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند سال کے دوران نجی شعبہ کی جانب سے قرضوں کے حصول میں مسلسل اضافہ سے قومی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جس سے صنعتی شعبہ کی ترقی اور فروغ
کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی معاونت حاصل ہوئی ہے ۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں سال 2018 کی پہلی ششماہی کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو قرضوں کی فراہمی کی شرح سال 2017 کے مقابلہ میں 12.3 فیصد زائد رہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران نجی شعبہ کو 49 ارب روپے سے زائد قرصہ جات جاری کئے گئے ہیں جبکہ اسی عرصہ کے دوران شعبہ کی جانب سے قرضوں کی واپسی کا حجم 26 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے ۔