ممبئی(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ’مانی کرنیکا : جھانسی کی رانی‘ کو سونو سود کے بعد ایک اور اداکارہ سواتی سیموال نے بھی خیر باد کہہ دیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سواتی سیموال کا فلم چھوڑنے کے حوالے سے کہنا ہے کہ میں نے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا ہے درحقیقت میں ابتداء ہی سے اس پروجیکٹ کو لے کر کشمکش میں مبتلا تھی اور اب مجھے نہیں لگتا کہ اس وقت یہ پروجیکٹ میرے مستقبل کے لیے کار آمد
ثابت ہوسکتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ فلم میکرز سے ملاقات کے بعد احساس ہوا کہ یہ ہمارے لیے اب اہم نہیں ہے کیوں کہ اب یہ فلم ویسی نہیں رہی جو ہمیں سائن کرنے سے قبل بتائی گئی تھی اس لیے میں نے اپنی ٹیم سے ملاقات کی جس کے بعد ہماری ٹیم نے باہمی رضامندی سے فلم چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ اداکار سونو سود نے یہ فلم چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ کنگنا کا فلم میں عمل دخل، دیگر کاموں میں من مانیاں اور فلم کی تاریخ میں ردو بدل کی وجہ سے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ۔