مکہ مکرمہ(انٹرنیشنل ڈیسک)سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک فوٹیج کافی مقبول ہورہی ہے جس میں مسجد نبوی میں سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار محمد الحربی کو ایرانی حجاج کرام سے ان کی قومی زبان فارسی میں بات کرتے، ان کی رہ نمائی کرتے اور انہیں خوش آمدید کہتے دیکھا جا سکتا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی اس فوٹیج میں سیکیورٹی اہلکار کو
خوبصورت انداز میں ایرانی حجاج کرام اور زائرین کی رہ نمائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایرانی حجاج بھی حرم نبوی میں اپنی قومی زبان پرمکمل دسترس رکھنے والے ایک سیکیورٹی اہلکار کی موجودگی پر حیران ہیں اور وہ حرم نبوی میں ایک اہلکار سے فارسی میں ہم کلام ہونے پر بہت خوش ہیں۔سعودی سیکیورٹی اہلکار ایرانی حجاج کرام سے بات کرتے ہوئے اپنا تعارف کراتا ہے اور کہتا ہے کہ میں یہاں مسجد نبوی میں حجاج و زائرین کی رہ نمائی اور سیکیورٹی پرمامور ہیں۔ میں نے فارسی زبان ایرانی زائرین اور حجاج سے سیکھی ہے۔ میں گذشتہ پندرہ برس سے یہاں یہ خدمت انجام دے رہا ہوں۔ میں نے ایرانیوں سے جو الفاظ سیکھے ہیں وہ کسی لغت سے یاد نہیں کیے۔ میں انگریزی اور اردو بھی بول لیتا ہوں۔سیکیورٹی اہلکار محمد الحربی کا کہنا تھا کہ میں فارسی زبان کے مختلف علاقوں میں بولے جانے والے الگ لہجوں میں بھی فرق کرسکتا ہوں۔ تہران میں بولی جانے والی فارسی کا لہجہ تبریز کی فارسی سے مختلف ہے۔ اسی طرح افغانستان کی بخاری فارس جسے بلخ شہر کی زبان بھی کہا جاتا ہے مختلف ہے۔ایک سوال کے جواب میں الحربی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی زبان سیکھنا اتنا آسان نہیں مگر سیکھنے پر اصرار انسان کو اس میں طاق بنا دیتا ہے۔ میں نے فارسی زبان ایرانی زائرین سے بول کرسیکھی ہے۔