منیلا(آئی این پی)سمندری طوفان منگ گھوٹ کو سپر طوفان قرار دے دیا گیا ہے، طوفان سے فلپائن کے25صوبوں کو شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، 40لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، فلپائنی زرعی شعبے کو شدید مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ہوائی میں قائم سمندری طوفان پر نگاہ رکھنے والے مرکز نے بحر اوقیانوس سے اٹھنے والے طوفان منگ کھوٹ کو سپر طوفان قرار دے دیا ہے۔
اس کی زد میں فلپائن کے انتہائی گنجان آباد علاقے ہیں اور ابھی تک اس شدت میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔ چالیس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فلپائنی محکمہ موسمیات کے مطابق پچیس صوبے اس کیٹیگری پانچ کے طوفان کے نشانے پر ہیں۔ یہ طوفان ایسے وقت میں فلپائن سے ٹکرانے والا ہے جب چاول اور مکئی کی کاشت کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس باعث فلپائنی زرعی شعبے کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔