انڈونیشیا اور تھائی لینڈ میں سانپوں اور اڑدہوں سے مساج کرانا مقبول ہوگیا ہے۔ جوڑوں کے درد اور مختلف قسم کے امراض سے چھٹکارے کے لیے دنیا کے مختلف خطوں کے لوگ مشرقی ایشیا کے ان ممالک کا رْخ کرنے لگے ہیں ، جہاں بڑے بڑے ’’اسنیک مساج سینٹرز‘‘ کھل چکے ہیں۔ برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق ، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ سمیت مشرقی ایشیائی ممالک میں اس وقت ایک منفرد قسم کا مساج تیزی سے مقبول ہورہا ہے۔
کہنے کو تو اس کا نام ’’اسنیک مساج ‘‘ ہے ، لیکن اس میں صارف کے جسم پر بڑے بڑے سانپ چھوڑ دئیے جاتے ہیں اوردعویٰ یہ ہے کہ اس تکنیک کے ذریعے جوڑوں کے درد اور دیگر بیماریوں کا علاج کیا جاسکتا ہے۔مساج کے ذریعے علاج کا یہ انوکھا طریقہ2009 ء میں ایک اسرائیلی لیڈی ڈاکٹر نے ایجاد کیا تھا۔ ایڈاباراک نامی صہیونی معالج کو سانپوں کے مساج کے ذریعے انسانی جسم میں درد کے علاج کا خیال اپنے گھر میں پالے گئے سانپوں میں لوگوں کی دلچسپی کے باعث آیا تھا۔




















































