لاہور( این این آئی )پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے والوں کو مک مکا سرکار بنانے کی مبارک ہو، میثاق جمہوریت جیسے تاریخی دستاویز کو مک مک کہنے والے عمران خان نے خود تمام حدیں پار کر دیں۔ نئی حکومت کی قیام پر تبصرہ کرتے ہوئے مولابخش چانڈیونے کہا کہ مک مکا بھی اتنا کہ پنجاب میں وزیراعلی تحریک انصاف کا ہے نہ ہی سپیکر ان کا اپنا ہے۔چودھری پرویز الٰہی اور عثمان بزدار کی نامزدگیوں سے پتا لگ گیا تھا کہ فیصلے کہاں ہو رہے ہیں۔
جس کو ڈاکو کہا اسکو سپیکر بنایا جس کو قاتل کہا اسی ایم کیو ایم کو گلے لگایا۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان وزیراعظم بن گئے ہیں اب قوم آج سے یوٹرن گننا شروع کر دے ۔ہم ایوان میں سلیکٹ پرائم منسٹر کو اپنے وعدے یاد کرواتے رہیں گے،خان صاحب کو لگ پتا جائے گا کہ کنٹینر پر کھڑے ہو کر بھڑکیں مارنے اور ایوان میں جوابدہ ہونے میں کتنا فرق ہے۔ مولابخش چانڈیونے کہا کہ میرے چیئرمن بھٹو کے حقیقی وارث بھی اب ایوان میں ہیں، جھوٹے دعوے کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔